تلاوت قرآن جدید مسائل

موبائل میں بلاوضو قرآنی آیتیں چھونے کا حکم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ۔
بعد سلام؛ علمائے ذوی الاحترام کی بارگاہ میں سوال عرض ہے کہ بغیر وضو موبائل میں قرآن شریف پڑھنا اور صفحہ بدلنے کے لئے اسکرین پر ہاتھ پھیرنا کیسا ہے مدلل مفصل بالتحقیق جواب عنایت فرمائیں خاکسار ممنون و مشکور ہوگا۔
سائل: افضل حسین، مہراج گنج


وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ‎
الجواب بعون الملک الوھاب :
قرآن مجید بےوضوپڑھنے کی اجازت ہے اور اگر قران مجید موبائل میں ہو تو موبائل اسکرین کو چھونے کی بھی اجازت ہے البتہ مستحب یہ ہے کہ بے وضو نہ چھوٸیں جیساکہ "موبائل فون کے ضروری مسائل” صفحہ ١٥٦ پر ہےکہ: "موبائل کی اسکرین پر قرآن مقدس شکل مرسوم (الفاظ و حروف کے ساتھ)میں نمایاں ہوتو خود موبائل کو یا اس کی اسکرین کو (جس پر قرآن پاک مرسوم ہے) بلا حاٸل بے وضو چھونا جاٸز ہے یہ اصل حکم ہے لیکن ادب کا تقاضا اور مستحب یہ ہےکہ اسے بھی بے وضو نہ چھوٸیں” ۔ اور صفحہ نمبر ١٦٠،١٥٩ پر ہے ایسے ہی ایک سوال کے جواب میں ہے کہ : "اس سلسلے میں باتفاق راۓ یہ طے پایا کہ اس صورت میں خود ان آلات یا ان کی اسکرین کو بلا حاٸل، بے وضو چھونا جاٸز ہے ،اس لۓ کہ ان جدید آلات کی اسکرین سے متصل ایک شیشہ ہوتا ہے جو مواد کے ظاہر کرنے میں معاون ہوتا ہے ،اور ان کے اوپر ایک دوسرا شیشہ ہوتا ہے جو اسکرین کی حفاظت کیلۓ لگایا جاتا ہے اور یہ اوپر والا شیشہ اصل اسکرین سے جدا ہوتا ہے اور مواد کو ظاہر کرنے میں اس کا کوٸ دخل بھی نہیں ہوتا ہے ، اس لۓ یہ غلاف و جزدان کے درجے میں ہے اور غلاف یا جزدان کے ساتھ قرآن کریم چھونا جاٸز ہے”
رد المحتار میں ہے : "لا یجوز للجنب والمحدث مس المصحف(الا بغلافہ المنفصل)ای کالجراب والخریطة دون المتصل کالجلد المشرز ہو الصحیح ،وعلیہ الفتوی لان الجلد تبع لہ”
(ردا لمحتار،کتاب الطہارة :٢٣/١)
اور غلاف کے تعلق سے عنایہ شرح ھدایہ میں ہے: "(و غلافہ ماکان متجافیا عنہ)ای متباعدا بان یکون شیٕا ثالثا بین الماسّ والممسوس، ولایکون متصلا بہ کالجلد المشرز فینبغی الا یکون تابعا للماس کالکم ولا للممسوس کالجلد المشرز ۔قال صاحب التحفة :اختلف المشاٸخ فی الغلاف فقال بعضہم : ہو الجلد الذی علیہ وقال بعضہم :ھوا لکم وقال بعضہم : ھو الخریطة ،وھو الصحیح، لان الجلد تبع للمصحف والکم تبع للحامل والخریطة لیست بتبع لاحدھما”
(العنایہ شرح ھدایہ باب الحیض والاستحاضہ)

کتبہ : الفقیر الی ربہ القدیر غلام مصطفی اسمٰعیلی میرانی
خادم:جامعہ فیضان اشرف رٸیس العلوم اشرف نگر کھمبات شریف گجرات انڈیا۔
١۰ربیع الاول شریف ١٤٤۲ھ

من جانب : میرانی دارالافتاء

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے