کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ زید کی بیوی ھندہ کو بکر بھگا کر لایا ہے اور ھندہ بے طلاق ہے اب بکر نے کسی مولوی سے جعل سازی کرکے نکاح پڑھوا لیا ہے کیا یہ نکاح درست ہے اور اب ھندہ حمل سے ہے تو گاؤں والوں نے بکر کا سماجی بائیکاٹ کردیا ہے اس کے باوجود کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ہم بکر کو نہیں چھوڑ پائیں گے لہذا ایسے لوگوں سے میل جول رکھنا اور بکر کے یہاں کھانا پینا یہ سب درست ہے یا نہیں حضور والا سے گزارش ہیکہ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں فقط والسلام۔
المستفتی محمد منیر قادری بہرائچ شریف یوپی انڈیا
بسم ﷲ الرحمن الرحیم
الجواب-بعون الملک الوھاب- صورت مسئولہ میں نکاح ہرگز درست نہیں کہ ہندہ زید کی منکوحہ ہے اور کسی کی منکوحہ سے نکاح حرام ہے بکر پر لازم ہے کہ فوراً اسے جدا کرے اور سچے دل سے علی الاعلان توبہ کرے اگر وہ ایسا کرلے فبھا ورنہ مسلمان اس کا بائیکاٹ کردیں۔
اور جو لوگ بکر کے اصرار گناہ اور مسلمانوں کے اس کا بائیکاٹ کرنے کے باوجود اس سے تعلقات قائم رکھیں وہ ضرور مجرم ہیں ان کا بھی بائیکاٹ کیا جائے۔
قرآن پاک میں ہے: "وَ الۡمُحۡصَنٰتُ مِنَ النِّسَآءِ۔ ” (سورۃ النساء آیت ٢٤)
اور حرام ہیں شوہر دار عورتیں (کنزالایمان)
فتاوی عالمگیری میں ہے: "لايجوز للرجل أن يتزوج زوجا غيره "اھ (کتاب النکاح, باب المحرمات, ج١, ص٣٠٩ , مطبوعہ دارالکتب العلمیۃ بیروت لبنان)
یعنی کسی مرد کو جائز نہیں کہ غیر کی بیوی سے شادی کرے۔
قال اللہ تعالی: وَاِمَّا یُنْسِیَنَّکَ الشَیْطٰنُ فَـلَا تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّکْرٰی مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَo(سورۃ الانعام: ٦٨) اور جوکہیں تجھے شیطان بھلاوے تو یاد آئے پر ظالموں کے پاس نہ بیٹھ”۔(کنزالایمان)
قرآن پاک میں ہے: "وَ لَا تَعَاوَنُوۡا عَلَی الۡاِثۡمِ وَ الۡعُدۡوَانِ۪ وَ اتَّقُوا اللّٰہَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ شَدِیۡدُ الۡعِقَابِ ” (سورة المائدة:٢)
ترجمہ: اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ دو اور اللہ سے ڈرتے رہو بیشک اللہ کا عذاب سخت ہے (کنزالایمان)
قرآن پاک میں ہے: ” وَ لَا تَرۡکَنُوۡۤا اِلَی الَّذِیۡنَ ظَلَمُوۡا فَتَمَسَّکُمُ النَّارُ "(سورہ ھود: ١١٣)
اور ظالموں کی طرف نہ جھکو کہ تمہیں آگ چھوئے گی.(کنزالایمان)
واللہ تعالیٰ ورسولہ صلی ﷲ تعالی علیہ وسلم
کتبہ گدائے حضور رئیس ملت محمد صدام حسین برکاتی فیضی میرانی
صدر میرانی دار الافتاء و شیخ الحدیث جامعہ فیضان اشرف رئیس العلوم اشرف نگر کھمبات شریف گجرات انڈیا۔
١٢ محرم الحرام ١٤٤٤ھ مطابق ١١ اگست ٢٠٢٢ء